اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے ویٹ لینڈز (دلدلی علاقوں) کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عرب سمندر کے تحفظ، سمندری حیات کے فروغ اور بلیو اکانومی کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، ورلڈ ویٹ لینڈز ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں، جس کا موضوع تھا “ویٹ لینڈز اور روایتی علم: ثقافتی ورثے کا جشن”، وزیر نے زور دیا کہ ویٹ لینڈز جن میں مینگرووز، ایسچوریز (دریائی دہانے)، ٹائیڈل فلیٹس اور ساحلی جھیلیں شامل ہیں، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات جیسے سیلاب، ساحلی کٹاؤ اور سطحِ سمندر میں اضافے کے خلاف پہلی دفاعی دیوار کا کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 240 سے زائد اہم ویٹ لینڈز موجود ہیں جبکہ بعض مطالعات میں ان کی تعداد 225 بتائی گئی ہے۔ یہ ماحولیاتی نظام ملک کے تقریباً 10 فیصد رقبے پر محیط ہیں، جنید انور چوہدری نے کہا، “یہ ماحولیاتی نظام قدرتی حفاظتی حصار کا کام دیتے ہیں جو ساحلی آبادیوں، بندرگاہوں اور بنیادی ڈھانچے کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے سمندری ماحول میں پانی کے معیار اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھتے ہیں، انہوں نے خاص طور پر ساحلی ویٹ لینڈز، بالخصوص انڈس ڈیلٹا کے مینگرووز کو مچھلیوں اور دیگر سمندری انواع کی افزائش اور پرورش کے لیے نہایت اہم قرار دیا، جو براہِ راست ماہی گیری اور غذائی تحفظ سے جڑے ہوئے ہیں۔
وزیر نے کہا، “صحت مند ویٹ لینڈز سمندری حیاتیاتی تنوع کو برقرار رکھنے اور ماہی گیری و آبی زراعت سے وابستہ لوگوں کے روزگار کے تسلسل کے لیے ناگزیر ہیں، جنید چوہدری نے 2026 کے موضوع میں روایتی اور مقامی علم کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا، انہوں نے کہا، “سندھ اور بلوچستان کی ساحلی برادریاں تاریخی طور پر پائیدار ماہی گیری اور مینگرووز کے تحفظ کے طریقے اپناتی آئی ہیں، جو ماحولیاتی مضبوطی میں مددگار ثابت ہوئے ہیں۔” انہوں نے اس دانش کو جدید ماحولیاتی پالیسیوں میں شامل کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ویٹ لینڈز بلیو اکانومی کی بنیاد ہیں جو ماہی گیری، بحری تجارت، ایکو ٹورازم اور موسمیاتی مضبوطی کو ممکن بناتے ہیں۔ یہ قدرتی آفات کے خطرات کو کم کرتے اور قدرتی پیداواریت کو بڑھاتے ہیں، جس سے معاشی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے کم خرچ راستے فراہم ہوتے ہیں، وفاقی وزیر نے ویٹ لینڈز کے تحفظ کے لیے عوامی شعور میں اضافے، مؤثر حفاظتی اقدامات اور مقامی کمیونٹی کی شمولیت کی ضرورت پر زور دیا تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند سمندری ماحول اور مضبوط قومی معیشت کو یقینی بنایا جا سکے۔

