گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا پاک ریڈ کریسنٹ کی خدمات کو سراہا، نئے ہسپتال بلاک کا سنگ بنیاد رکھا

پشاور(بیورو رپورٹ )گورنر خیبر پختونخوا اور صدر ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ قدرتی آفات، ہنگامی صورتحال اور نقل مکانی کے دوران پاک ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی خدمات ناقابلِ فراموش اور قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے دینا ناتھ مانگا منڈی میں پاک ریڈ کریسنٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہلالِ احمر نے مشکل حالات میں متاثرہ افراد کی مدد کر کے انسانیت کی خدمت کی شاندار مثال قائم کی ہے۔

گورنر نے ہسپتال کے لیے 250 بستروں پر مشتمل نئے بلاک کا سنگ بنیاد رکھا، جس سے علاقے کے ہزاروں افراد کو معیاری علاج کی سہولت میسر آئے گی۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں کی عیادت بھی کی اور صحتیابی کی نیک خواہشات پیش کیں بعد ازاں گورنر نے ہلالِ احمر پنجاب کی جانب سے مستحق خاندانوں میں رمضان پیکج کے تحت راشن تقسیم کیا اور بہترین کارکردگی دکھانے والے ڈاکٹرز اور طلبہ میں سرٹیفکیٹس اور شیلڈز تقسیم کیں۔

اسی دن گورنر فیصل کریم کنڈی سے امریکہ کی فیول سپلائی کمپنی ایس این کے پیٹرولیم کے وفد نے بھی ملاقات کی، جس میں خیبر پختونخوا میں جدید فیول اسٹیشنز کی ترقی، نجی سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع بڑھانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر نے کہا کہ صوبے میں نجی سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مجموعی معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔