وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک کا پاکستان ریفارمز رپورٹ 2026 میں 650 سے زائد اصلاحات کا اعلان

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان ریفارمز رپورٹ 2026 کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران وفاقی حکومت نے مجموعی طور پر 650 سے زائد اصلاحات نافذ کی ہیں، جو گزشتہ سال کی 620 اصلاحات سے بڑھ گئی ہیں۔

وزیر نے کہا کہ “لائنیں چل سکتی ہیں، انصاف نہیں رُکنا چاہیے” اور بیوروکریٹک نظام میں شفاف تبدیلی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے عوام کو سہولتیں فراہم کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریباً تمام اصلاحات ڈیجیٹلائزیشن کے شعبے سے متعلق ہیں تاکہ عوام کے لیے سروسز تک رسائی آسان ہو۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی 100 فیصد فائلیں ڈیجیٹائز ہو چکی ہیں، جس سے کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کا ڈیجیٹل فُٹ پرنٹ محفوظ رہتا ہے۔ سب سے زیادہ اصلاحات پاور اور انرجی سیکٹر میں کی گئی ہیں، جہاں 118 اصلاحات متعارف کروائی گئیں، جس میں انڈسٹری کے لیے ٹیرف میں کمی اور محنت کشوں کو براہِ راست فائدے دینے کے اقدامات شامل ہیں۔

وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے نوجوانوں کے لیے بھی اقدامات کا اعلان کیا، جس کے تحت 12,600 بین الاقوامی معیار کے ٹیک سرٹیفکیٹس ملک بھر کے نوجوانوں کو گھر کی دہلیز پر فراہم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل دنیا سرحدوں سے آزاد ہے اور عالمی طلب، پاکستانی نوجوانوں کی سپلائی ہوگی ، انہوں نے مزید بتایا کہ نئے ٹیرف اصلاحاتی اقدامات اور ریگولیٹری ڈیوٹیز میں کمی کی گئی ہے اور پانچ سال کے اندر تمام ڈیوٹیز مرحلہ وار کم کی جائیں گی۔ وزیر نے زور دیا کہ ڈیجیٹل اصلاحات کا مقصد عوام کو براہِ راست سہولیات فراہم کرنا اور غریب عوام کو نشانہ بنا کر فراڈ کو ختم کرنا ہے۔

وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے عدالتی اصلاحات پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کیس مینجمنٹ سسٹم، ڈیجیٹل کورٹس اور الٹرنیٹو ڈسپیوٹ ریزولیوشن (ADR) کے ذریعے عدالتوں میں مقدمات کے طول و عرض اور غیر ضروری تاخیر کو ختم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور منتخب نمائندے اب شفاف طریقے سے یہ دیکھ سکیں گے کہ سرکاری محکموں اور عدالتوں میں کیا ہو رہا ہے انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں حصہ دینا چاہیے تاکہ ملک کے مستقبل میں تعلیم، روزگار اور معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر ڈ اکٹر مصدق ملک نے کہا کہ حکومت شفافیت، ڈیجیٹلائزیشن اور شواہد پر مبنی پالیسیز کے ذریعے ایلیٹ کیپچر کو ختم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ عوام کو انصاف اور ترقی کے مواقع فراہم ہوں۔وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے اختتام پر کہا کہ حکومت کی اصلاحات کا سفر ابھی شروع ہوا ہے، اور اس کے ثمرات عوام کے سامنے جلد نظر آئیں گے، جس میں پاور سیکٹر، انرجی اور سوشل ویلفیئر کے شعبے شامل ہیں۔