راولپنڈی(کرائم رپورٹر ) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کی ضلع بھر میں ٹریفک انتظامات و انتظامی امور کے حوالے سے ٹریفک ہیڈ کواٹر میں سرکل، سیکٹر و ڈیوٹی افسران سمیت دفتری سٹاف سے اہم میٹنگ،قانون کی پاسداری کے وقت اخلاقیات و شائستگی کو مقدم رکھنے کی ہدایت، ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی اور روڈ یوزرز کیلئے آسانی پہلی ترجیح ہو نی چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے ضلع بھر میں ٹریفک انتظامات و انتظامی امورمیں مزید بہتری کے حوالے سے سرکل، سیکٹر و ڈیوٹی افسران سمیت دفتری سٹاف سے ٹریفک ہیڈ کواٹر میں اہم میٹنگ کی اور ٹریفک انتظامات و انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کے تمام افسران و جوان دوران ڈیوٹی شہریوں کیساتھ پہلے سلام پھر کلام کے شعار کو یقینی بنائیں،دوران ڈیوٹی شہر میں ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی اور روڈ یوزرز کیلئے آسانی پیدا کرنا آپکی پہلی ترجیح ہونی چاہیے،، شہریوں کی غلطی کی نشاندہی تحمل اور اخلاق کے ساتھ کریں، چالان یا ہدایات دیتے وقت اخلاقیات اور شائستگی کو مقدم رکھیں،چالان اور قانونی کاروائی شفاف اور قانون کے مطابق کی جائے،لائسنسنگ سینٹرز میں آنیوالے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں، کسی بھی ٹریفک آفیسر کا شہریوں اور خصوصاً خواتین و بزرگوں کیساتھ ناروا سلوک ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔تمام افسران و جوان دوران ڈیوٹی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیساتھ حادثات کی روک تھام اور عوام النا س کے جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر ٹریفک قوانین پر عمل در آمد کوہر صورت یقینی بنائیں .
ہیلمٹ،سیٹ بیلٹ،ون وے و تیز رفتاری سمیت ٹریفک کی دیگر سنگین خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرنس اپنائیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اپنے اچھے اخلاق سے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا قائم رکھنی ہے اور ضلع راولپنڈی کو صوبہ بھر میں رول ماڈل کے طور پر پیش کرنا ہے۔

