اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی دارالحکومت کے علاقے جی ٹین میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ لائبہ اعجاز کی لاش اتوار بازار کے قریب ٹریفک پولیس کی پرانی چوکی سے متصل گرین بیلٹ سے برآمد ہوئی ہے ، پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے اور واقعے کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق لائبہ اعجاز دختر محمد اعجاز کی عمر تقریباً 20 سے 22 سال تھی اور وہ غیر شادی شدہ تھیں ، وہ جی ٹین مرکز کے گلستان پلازہ میں فلیٹ نمبر 8 کی رہائشی بتائی گئی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق طالبہ نے امریکا جانے کے سلسلے میں نعمان نامی ایجنٹ کو مبینہ طور پر 50 لاکھ روپے ادا کیے تھے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ فراہم کردہ دستاویزات کے جعلی ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد طالبہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔
تاہم رقم کی ادائیگی، دستاویزات کی حقیقت اور ایجنٹ کے مبینہ کردار سے متعلق ان معلومات کی آزادانہ تصدیق ہونا باقی ہے ، پولیس تفتیش میں ان پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا ، فراہم کردہ معلومات کے مطابق طالبہ آج تقریباً دو بجے گھر سے نکلی تھیں ، اہل خانہ کی جانب سے تلاش کے دوران ان کی لوکیشن مذکورہ مقام پر موصول ہوئی، جہاں بعد ازاں ان کی لاش ملنے کی اطلاع سامنے آئی۔
واقعے کو بعض ابتدائی اطلاعات میں مبینہ خودکشی قرار دیا جارہا ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال حتمی تصدیق سامنے نہیں آئی ، واقعے کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم اور پولیس تحقیقات کے بعد ہی واضح ہوسکے گی ، واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ رمنا، ہومی سائیڈ یونٹ اور دیگر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے ، پولیس حکام کی جانب سے شواہد جمع کرنے اور واقعے کے حالات و واقعات کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔
تفتیش میں طالبہ کی موت کی وجوہات، مبینہ مالی فراڈ اور متعلقہ ایجنٹ کے کردار سمیت دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا ، پولیس تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔

