راولپنڈی (سٹاف رپورٹر ) کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی انجینئر عامر خٹک کی ہدایات پر آر ڈی اے کی جانب سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائیاں جاری۔ ڈائریکٹر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ آر ڈی اے نے موضع ٹھلیاں تحصیل و ضلع راولپنڈی میں قائم غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم اینکریج اسلام آباد فیز-II کے سائٹ آفس کو سیل کر کر دیا اور افتتاحی تقریب رکوا دی۔ آر ڈی اے نے اس غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کو سوشل میڈیا پر غیر قانونی تشہیر اور مارکیٹنگ پر سکیم کے ڈائریکٹر اور مارکیٹنگ کمپنی اسکائی ویز مارکیٹنگ و ایکسپریس مارکیٹنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے۔ خلاف ورزیوں میں غیر قانونی پلاٹوں کی بکنگ، مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذریعے غیر مجاز تشہیر، مختلف مقامات پر بل بورڈز کی تنصیب، اور باقاعدہ منظوری سے قبل ترقیاتی کاموں کا آغاز شامل ہیں۔

آر ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 کی دفعہ 34 کے تحت ایسے جرائم ہیں اور ان کی سزا تین سال تک قید یا یومیہ 10,000 روپے تک جرمانہ ہو سکتی ہے۔ مزید برآں، سزا کے بعد خلاف ورزی جاری رہنے کی صورت میں ہر روز اضافی جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق سکیم کے حجم کے پیش نظر یومیہ 5,000 روپے سے 20,000 روپے تک اضافی جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے عوام الناس کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں سے مکمل اجتناب کریں اور کسی بھی غیر منظور شدہ سوسائٹی کے جھانسے میں نہ آئیں۔ آر ڈی اے عوام الناس کو ان کے مفاد میں ہدایت کرتا ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم میں سرمایہ کاری سے گریز کریں۔ مزید برآں، سکیم کے اسپانسرز کو بھی متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کی مارکیٹنگ بند کریں اور قانون کے مطابق این او سی و منظوری کے حصول کے لیے آر ڈی اے سے رجوع کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


ترجمان آر ڈی اے کے مطابق اتھارٹی نے نیب راولپنڈی، ایف آئی اے اسلام آباد، سائبر کرائم ونگ اسلام آباد اور ایس این جی پی ایل اسلام آباد کو خطوط ارسال کیے جا رہے ہیں، جن میں سوشل میڈیا، واٹس ایپ، یوٹیوب اور دیگر انٹرنیٹ ایپس پر نجی ہاؤسنگ سکیموں کی غیر قانونی تشہیر سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔ بعض مالکان و ڈویلپرز کی جانب سے غلط طور پر آر ڈی اے سے این او سی حاصل ہونے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلا خوف و خطر اور بلا امتیاز غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں، کمرشل سرگرمیوں، بکنگ دفاتر اور تجاوزات کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھیں.

