لاہور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ضلع کچہری لاہور میں پٹرول پمپ کے ملازم پر تشدد کے مقدمے میں فریقین کے درمیان صلح ہونے پر گرفتار ملزم سعادت انیس کو مقدمے سے ڈسچارج کرکے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ محمد علی امجد نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس کے مطابق مدعی نے ملزم سے راضی نامہ کرلیا ہے، مدعی نے اپنے بیان میں کہا کہ واقعہ غلط فہمی کی بنیاد پر پیش آیا، فریقین کے درمیان راضی نامہ ہوچکا ہے اور وہ اس کیس پر مزید کارروائی نہیں چاہتا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق پولیس نے ملزم سے تفتیش کے لیے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی تاہم راضی نامہ ہونے کی بنیاد پر جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی جاتی ہے ، عدالت نے ملزم سعادت انیس کو مقدمے سے ڈسچارج کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا ، واضح رہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ چوہنگ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا تھا۔

