اسلام آباد (کرائم رپورٹر ) دارالحکومت میں گھریلو تنازعات کے باعث قتل کے دو افسوسناک واقعات پیش آئے ہیں۔ پہلا واقعہ تھانہ ہمک کی حدود میں پیش آیا جہاں پشتو کی مشہور ٹک ٹاکر خاتون ‘آؤٹ لوفرہ’ کو اس کے شوہر نے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور بعد ازاں خود بھی خودکشی کرلی، جبکہ دوسرا واقعہ گیگا مال کے گراؤنڈ فلور پر پیش آیا جہاں ایک شوہر نے اپنی بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور خود کو گولی مار کر زخمی کرلیا۔
تھانہ ہمک کی حدود میں لنگنم ٹاور کے قریب پیش آنے والے پہلے واقعے میں جاں بحق خاتون کی شناخت ثنا جاوید کے نام سے ہوئی ہے جو اٹک کی رہائشی تھیں۔ ثنا جاوید پشتو زبان کی مشہور ٹک ٹاکر تھیں اور ‘آؤٹ لوفرہ’ کے نام سے مشہور تھیں۔ ان کی پہلے شفیق احمد کے ساتھ شادی ہوئی تھی جس سے انہوں نے خلع لے رکھی تھی، جبکہ یہ ان کی دوسری شادی محمد صادق سے ہوئی تھی ، ملزم محمد صادق ایک نوجوان تھا جس کو سر پر فائر لگا ہوا تھا۔ ابتدائی طور پر پتہ چلا ہے کہ وہ اٹک پولیس میں کانسٹیبل تعینات تھا تاہم بعد میں ڈسمس ہو چکا تھا۔ صادق نے پہلے اپنی بیوی کو فائر مارا اور بعد میں خود کو سر میں فائر مار کر خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق ثنا اور صادق کے درمیان اکثر اوقات لڑائی جھگڑا رہتا تھا اور یہ واقعہ گھریلو ناچاقی پر پیش آیا۔ موقع وقوعہ سے تین عدد خول اور نائن ایم ایم کا پسٹل بھی ملا جسے پولیس نے تحویل میں لے لیا۔ تھانہ ہمک پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

دوسرا واقعہ شہرِ اقتدار میں گیگا مال کے گراؤنڈ فلور پر پیش آیا جہاں ایک شوہر نے اپنی بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ ملزم نے خود کو بھی گولی مار لی جس کے نتیجے میں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ جاں بحق خاتون اور زخمی شوہر کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم کا پستول برآمد ہوا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود تھی اور شواہد اکٹھے کرلیے گئے۔ یہ واقعہ بھی مبینہ طور پر گھریلو تنازع کا نتیجہ ہے ، پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ واقعات کی مزید تفصیلات جلد سامنے آنے کا امکان ہے۔

