pervez malik capitalnewspoint.com

ریفائنری اپ گریڈیشن منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کا فیصلہ، حکومت کی مکمل تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ریفائنری سربراہان کے ساتھ اہم اجلاس میں براؤن فیلڈ ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کے لیے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ریفائنری شعبے کو درپیش مسائل، پالیسی پر پیش رفت اور اپ گریڈیشن منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر نے ریفائنری پالیسی پر پیش رفت تعطل کا شکار ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریفائنریوں کی جدید کاری اور شعبے میں طویل المدتی سرمایہ کاری کے لیے رکاوٹوں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپ گریڈیشن منصوبوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس استثنیٰ ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے جس کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

اجلاس کے دوران ریفائننگ پالیسیوں اور اپ گریڈیشن معاہدے کے ٹیمپلیٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ ریفائنری سربراہان نے عملی تجاویز بھی پیش کیں۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ کی تیاری سے قبل تمام مسائل کے حل کے لیے جامع سفارشات متعلقہ فورمز کو بھجوائی جائیں۔

علی پرویز ملک نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ریفائنری اپ گریڈیشن منصوبوں کی مکمل حمایت کرے گی کیونکہ ریفائنری سیکٹر قومی توانائی تحفظ کے لیے ایک کلیدی اثاثہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ایران تنازع کے تناظر میں بیرونی سپلائی پر انحصار کم کرنے کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریفائنری اپ گریڈیشن سے نہ صرف پیداواری صلاحیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا بلکہ یورو فائیو معیار کا صاف ایندھن بھی تیار کیا جا سکے گا جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی، بہتر انجن کارکردگی اور کم اخراج ممکن ہو سکے گا۔