اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے وزارتِ ریلوے میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عوامی سہولیات اور انتظامی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں وزراء نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ، عوامی خدمت کے منصوبوں کی بہتری اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
اس موقع پر سردار محمد یوسف نے شہید ریلوے ملازم لیاقت کی بہادری اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ لیاقت جیسے بہادر افراد قومی اثاثہ ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے میں اصلاحات، جدید سہولیات کی فراہمی اور مسافروں کی آسانیاں حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔
سردار محمد یوسف نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے جاری حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں مذہبی رواداری اور اتحاد کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

