اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں کنگڈم ویلی کے مالک غلام حسین شاہد کے خلاف پلاٹس اور فائلوں کے بدلے رقم ہڑپنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس کے دوران عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت میں 18 جون تک توسیع کر دی، کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج محمد علی وڑائچ نے کی، سماعت کے موقع پر ملزم غلام حسین شاہد عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت وکیلِ صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے علم میں اب آیا ہے کہ مقدمے کی ایف آئی آر میں مزید دفعات کا اضافہ کیا گیا ہے، لہٰذا نئی دفعات کا جائزہ لینے اور تیاری کے لیے وقت درکار ہے ، پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کی جانب سے جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ پراسیکیوشن نے استدعا کی کہ عدالت ضمانت کی درخواستوں کو میرٹ پر سن کر فیصلہ کرے اور آج ہی ملزمان کی جانب سے دلائل طلب کیے جائیں۔
معاون وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سینئر وکیل اپنے والد کی علالت کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکے، جس پر عدالت نے سینئر وکیل کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کر دی، عدالت کو بتایا گیا کہ غلام حسین شاہد کے خلاف پلاٹس اور فائلوں کے بدلے مبینہ طور پر 31 کروڑ روپے کے فراڈ کا الزام ہے۔ تاہم ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر آج دلائل مکمل نہ ہو سکے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلا کو اپنے دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 18 جون تک ملتوی کر دی، واضح رہے کہ غلام حسین شاہد کے خلاف یہ مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج ہے۔

