اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے مالدیپ میں منعقدہ مبینہ ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ میں پاکستان فٹبال ٹیم کی کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد دی ہے، بیان کے مطابق چار ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش اور مالدیپ کی ٹیموں نے حصہ لیا، جس میں پاکستان نے 74 سال بعد بین الاقوامی سطح پر ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ وفاقی وزیر نے اس کامیابی کو قومی فٹبال کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قومی ٹیم نے شاندار عزم، حوصلے اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے اس کامیابی کو پاکستان فٹبال کی ترقی اور روشن مستقبل کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارکردگی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک نئی امید اور تحریک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سید محسن گیلانی کی قیادت میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں اور موجودہ پیش رفت نے قومی فٹبال کی بنیادوں کو مزید مضبوط کیا ہے، وفاقی وزیر کے مطابق قومی ٹیم کی یہ کامیابی نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ پوری قوم کے لیے خوشی اور فخر کا باعث ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان فٹبال ٹیم آئندہ بھی بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔

