پاکستان اور امریکہ کے درمیان ہنر مند افرادی قوت، روزگار اور تربیتی تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل ترقی چوہدری سالک حسین سے پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں پاک امریکہ تعلقات، پاکستانی افرادی قوت کے لیے ہنر اور روزگار کے مواقعوں کی فراہمی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے عالمی امن کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات قائم ہیں جنہیں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے ذریعے مزید مضبوط اور وسعت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے پاکستان نے متعدد قانونی اور انتظامی اقدامات کیے ہیں۔

چوہدری سالک حسین نے بتایا کہ گزشتہ سال بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر 38 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئیں، جو ملکی معیشت میں اوورسیز پاکستانیوں کے اہم کردار کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف معاشی ترقی میں شریک ہیں بلکہ پاکستان اور دنیا کے مختلف ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار بھی ادا کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان تعمیرات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تربیت یافتہ اور ہنر مند افرادی قوت دنیا بھر میں فراہم کر رہا ہے، اس موقع پر امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے پاکستانی افرادی قوت کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو مختلف شعبوں میں ہنر مند افرادی قوت کی ضرورت ہے اور وہ پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو خطے میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے اور تعلیم، تربیت، مہارتوں کی ترقی اور افرادی وسائل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

نیٹلی بیکر نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کے لیے امریکہ میں سیاحت، ہاسپٹیلٹی، ہیلتھ کیئر اور دیگر شعبوں میں روزگار کے متعدد مواقع موجود ہیں، ملاقات کے دوران تربیتی پروگراموں، مہارتوں کی ترقی، افرادی تبادلوں اور باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ادارہ جاتی سطح پر اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، ملاقات میں وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز عون چوہدری، سیکریٹری وزارت اوورسیز پاکستانیز ندیم اسلم چوہدری، منیجنگ ڈائریکٹر او ای سی نصیر خان کاشانی اور سیکریٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد خان بھی موجود تھے۔