اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) نجکاری کمیشن کے بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف سرکاری اداروں کی نجکاری اور تنظیمِ نو سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے لیے تنظیمِ نو (Restructuring) کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔ فیسکو، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے ساتھ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل ہے۔ فیسکو کا تنظیمِ نو منصوبہ اب مزید غور و خوض اور حتمی منظوری کے لیے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (CCoP) کو پیش کیا جائے گا۔
اجلاس میں ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ (HBFCL) کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشیر کے تقرر کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔ بورڈ نے کے پی ایم جی (KPMG) کی قیادت میں قائم کنسورشیم کو موزوں ترین امیدوار قرار دے دیا۔ اس کے ساتھ ہی مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے (FASA) کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک مذاکراتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔
نجکاری بورڈ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے ساتھ مجوزہ ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز ایگریمنٹ (TASA) کا جائزہ لیا اور اب تک ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔ تاہم بورڈ نے معاہدے کے بعض پہلوؤں پر مزید وضاحت طلب کرتے ہوئے معاملہ آئندہ اجلاس میں دوبارہ غور کے لیے موخر کر دیا، اجلاس کے دوران بورڈ نے مالی سال 2026-27 کے لیے نجکاری کمیشن کے بجٹ تخمینوں کی بھی منظوری دے دی۔
اس موقع پر نجکاری کمیشن نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام نجکاری عمل موجودہ قوانین اور ضوابط کے مطابق انجام دیا جائے گا، جس میں شفافیت، جوابدہی اور پاکستانی عوام کے بہترین مفاد کو ہر مرحلے پر مقدم رکھا جائے گا۔

