اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم نے ایندھن کے تحفظ اور اضافی کفایت شعاری اقدامات واپس لینے کی منظوری دے دی، جس کے بعد 9 مارچ 2026 کے بعد نافذ کیے گئے متعدد اقدامات ختم کر دیئے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق حکومت نے توانائی بچت سے متعلق بیشتر پابندیاں واپس لے لی ہیں، تاہم مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے اوقات کار سے متعلق فیصلے بدستور برقرار رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق دکانیں، بازار اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے جبکہ شادی ہالز اور مارکیز رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے، اسی طرح ریستوران، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند ہوں گے، تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری سروسز کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ فارمیسیز، ہسپتال، لیبارٹریز اور میڈیکل سٹورز پر اوقات کار کی کوئی پابندی لاگو نہیں ہوگی، اس کے علاوہ پٹرول پمپس، سی این جی سٹیشنز اور ای وی چارجنگ سٹیشنز کو بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق آئی ٹی کمپنیوں، کال سینٹرز، جمز اور کھیلوں کی سہولیات کو بھی بندش کے اوقات سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق 3 اور 10 جون کو جاری کیے گئے مارکیٹ ٹائمنگ نوٹیفکیشنز بدستور نافذ العمل رہیں گے جبکہ 9 مارچ 2026 سے قبل نافذ کفایت شعاری اقدامات برقرار رہیں گے۔

