حکومت کے نجکاری پروگرام میں اہم پیش رفت، فیسکو کی تنظیمِ نو اور HBFCL نجکاری کے اقدامات منظور

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) نجکاری کمیشن (پی سی) بورڈ کا اجلاس وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں حکومت کے جاری نجکاری پروگرام سے متعلق متعدد اہم اقدامات پر غور کیا گیا اور مختلف تجاویز کی منظوری دی گئی، اجلاس میں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کی تنظیمِ نو کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔

یہ اقدام کارکردگی میں بہتری، خدمات کی فراہمی کو مؤثر بنانے اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے حکومتی منصوبے کا حصہ ہے، فیسکو، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے ساتھ ڈسکوز کی نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل ہے، مالیاتی مشیر کی جانب سے تیار کردہ تنظیمِ نو کا منصوبہ اب کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (سی سی او پی) کو حتمی غور و منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نجکاری کمیشن پہلے ہی ڈسکوز کی نجکاری کے ابتدائی مرحلے کے لیے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں سے اظہارِ دلچسپی (EOIs) طلب کر چکا ہے، جس کا مقصد بجلی کی تقسیم کے شعبے میں نجی شعبے کی شمولیت اور آپریشنل کارکردگی میں اضافہ ہے، بورڈ نے ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ (HBFCL) کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشیر کے انتخاب کی بھی منظوری دی۔

اس سلسلے میں کے پی ایم جی (KPMG) کی سربراہی میں قائم کنسورشیم، جس میں برج فیکٹر اور دیگر شراکت دار شامل ہیں، کو موزوں ترین امیدوار قرار دیا گیا، بورڈ نے کامیاب کنسورشیم کے ساتھ مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے (FASA) کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکراتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی، اجلاس میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ (IIAP) کے آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے ساتھ مجوزہ ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز ایگریمنٹ (TASA) کا بھی جائزہ لیا گیا۔

تفصیلی غور و خوض کے بعد بورڈ نے اس منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے بعض شقوں کے بارے میں رہنمائی فراہم کی اور مزید وضاحت طلب کی، جس پر آئندہ اجلاس میں غور کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت ایک شفاف اور مسابقتی عمل کے ذریعے طویل المدتی رعایتی فریم ورک کے تحت نجی شعبے کے ایک قابل آپریٹر کو ایئرپورٹ کے انتظامی امور سونپے جائیں گے، اس اقدام کا مقصد آپریشنل کارکردگی میں اضافہ، مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ہوائی اڈے کی خدمات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہے، بورڈ نے مالی سال 2026-27 کے لیے نجکاری کمیشن کے بجٹ تخمینوں کی بھی منظوری دی، تاکہ ادارہ اپنے اسٹریٹجک اہداف کے حصول اور نجکاری پروگرام سے متعلق بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں کو مؤثر انداز میں انجام دے سکے۔

اجلاس کے اختتام پر بورڈ نے شفاف، مسابقتی اور سرمایہ کار دوست نجکاری پروگرام کے نفاذ کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ نجکاری کے عمل سے اقتصادی ترقی کو فروغ، سرمایہ کاری میں اضافہ، عوامی خدمات کی بہتری اور اصلاحاتی ایجنڈے کی تکمیل میں مدد ملے گی، نجکاری کمیشن نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ تمام نجکاری معاملات موجودہ قوانین اور ضوابط کے مطابق مکمل شفافیت، جوابدہی اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے انجام دیے جائیں گے۔