اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق خیبر پختونخوا میں پشاور، سوات، باجوڑ، بونیر، ہنگو، شانگلہ، کوہاٹ، مہمند اور شبقدر سمیت گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، ڈی آئی خان اور ملتان سمیت مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا، زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 215 کلومیٹر تھی، تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

