اسلام آباد (کورٹ رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکالت ناموں پر دستخط کے معاملے میں جیل سپرنٹنڈنٹ نے نیا جواب جمع کرا دیا ہے، جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں وکیل سلمان صفدر پر عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا ہے، کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے مطابق 16 جون کو وکالت نامے دستخط کے بعد تیار تھے اور اس حوالے سے متعلقہ وکیل کو آگاہ بھی کر دیا گیا تھا۔
جواب میں کہا گیا ہے کہ سلمان صفدر کو 16 جون کو بذریعہ ٹیکسٹ میسج اطلاع دی گئی کہ وکالت نامے تیار ہیں، اس ٹیکسٹ میسج کا سکرین شاٹ بھی بطور ثبوت عدالت میں جمع کرایا گیا ہے، جیل انتظامیہ کے مطابق وکیل کی جانب سے جان بوجھ کر 18 جون کی سماعت سے قبل وکالت نامے حاصل نہیں کیے گئے، جو ان کے مؤقف کے برعکس ہے، یہ معاملہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکالت ناموں پر دستخط کرانے سے متعلق ہے، جس پر عدالت میں مزید کارروائی جاری ہے۔

