نالہ ڈیک، دریائے چناب اور جہلم میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ، مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال

لاہور (بیورو رپورٹ) نالہ ڈیک، دریائے چناب اور جہلم میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ سے مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، ذرائع کے مطابق پنجاب کے مختلف دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث بعض مقامات پر نچلے جبکہ دریائے جہلم میں درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

اِسی طرح دریائے راوی کے اہم ملحقہ نالہ ڈیک میں کنگرا برج کے مقام پر پانی کا بہاؤ بڑھ کر 10 ہزار 193 کیوسک ہو گیا ہے، جہاں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے ، دوسری جانب دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر بھی پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے، یہاں پانی کی آمد 110 ہزار 355 کیوسک جبکہ اخراج 88 ہزار 82 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔

ادھر دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر پانی کی آمد 133 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے، جہاں درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ اخراج معمول کے مطابق جاری ہے ، متعلقہ حکام صورتِ حال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور نشیبی علاقوں کے مکینوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔