پیٹرولیم ڈیلرز کا تحفظات دور نہ ہونے پر آئندہ ہفتے احتجاج اور ہڑتال کی دھمکی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر ) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) کے وفد نے ملاقات کی جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے نئے نظام اور دیگر اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا, پی پی ڈی اے کے مطالبات تاحال منظور نہ ہو ئے آج دوبارہ اجلاس میں فیصلہ ہو گا۔

تحفظات دور نہ کیے گئے تو آئندہ ہفتے احتجاجی تحریک اور ہڑتال کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا، و فاقی وزیر سے ملاقات میں پی پی ڈی اے کے وفد میں چیف ایڈوائزر ملک خدا بخش، راجہ وسیم کیانی، چوہدری ظفر الٰہی، بابر علی چوہدری اور چوہدری فیصل عارف شامل تھے، وفد نے و فاقی وزیر سے مطالبہ کیا کہ حکومت نئی پالیسی کے حوالے سےپاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے)، کو اعتماد میں لے اور واضح کرے کہ مجوزہ ڈی ریگولیشن کا طریقہ کار اور میکانزم کیا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کے ساتھ نرخوں کے تعین سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور اتفاق رائے ضروری ہے، کیونکہ یکطرفہ فیصلے نہ صرف پٹرول پمپ مالکان بلکہ پورے پٹرولیم سیکٹر کے لیے مشکلات پیدا کریں گےو فد نے کہا کہ ملک بھر کے تقریباً 15 ہزار پٹرول پمپ مالکان مجوزہ پالیسی پر شدید تحفظات رکھتے ہیں۔

ان کے مطابق نئی پالیسی سے قیمتوں کے تعین کا موجودہ نظام متاثر ہوگا اور اس کے کاروباری و انتظامی اثرات پورے شعبے پر مرتب ہوں گے، پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے و فاقی وزیر علی پرویز پر زور دیا کہ وہ یکطرفہ فیصلوں سے گریز کرتے ہوئے پٹرول پمپ مالکان اور ان کی نمائندہ تنظیمپاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے)،سے بامعنی مشاورت کرے تاکہ ایسا متفقہ لائحہ عمل اختیار کیا جا سکے جو حکومت، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز سمیت تمام فریقین کے مفاد میں ہو، انہوں نے کہا کہ اگر ڈیلرز کے تحفظات دور نہ کیے گئے تو آئندہ ہفتے احتجاجی تحریک اور ہڑتال کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔