اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے انکوائری نمبر 1095/2024 کی تکمیل کے بعد ملزم غلام قاسم عرف ڈاکٹر قاسم ولد غلام حسین کو گرفتار کر لیا، ملزم نے شکایت کنندہ کے بیٹے محمد زاہد کو روس میں ورک ویزے پر بھجوانے کے جھانسے میں لے کر مختلف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے مجموعی طور پر 10 لاکھ 70 ہزار روپے ہتھیائے تاہم نہ تو ورک ویزے کا انتظام کیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے مختلف بینک اکاؤنٹس میں سال 2023 اور 2024 کے دوران متعدد ٹرانزیکشنز کے ذریعے یہ رقوم وصول کیں، ملزم انکوائری کارروائی میں شامل ہونے میں ناکام رہا جس پر مجاز اتھارٹی سے منظوری کے بعد ایف آئی آر دفعات 18، 22 ایمیگریشن آرڈیننس 1979 اور دفعہ 109 تعزیرات پاکستان کے تحت درج کی گئی۔
ملزم غلام قاسم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا، تفتیش کے دوران ملزم سے مکمل رقم 10 لاکھ 70 ہزار روپے واپس کروا لی گئی۔

