ccp capitalnewspoint.com

کمپٹیشن کمیشن نے کیسٹرول لبریکنٹس کے عالمی کاروبار کے حصول کی منظوری دے دی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے فیز ون جائزے کے بعد موشن جے ویکو لمیٹڈ کو بی پی پی ایل سی کے عالمی کیسٹرول لبریکنٹس کاروبار کے حصول کی منظوری دے دی ہے ، کیسٹرول لبریکنٹس پاکستان میں کیسٹرول گروپ ہولڈنگز لمیٹڈ کے ذریعے فروخت کیے جاتے ہیں ، اگرچہ یہ عالمی نوعیت کا مرجرہے، تاہم پاکستان کے مرجر و ایکویزیشنزسے متعلق قوانین کے تحت پاکستان میں کاروباری سرگرمیاں رکھنے والے اداروں سے متعلق ایسے تمام لین دین کا جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ کمپٹیشن متاثر نہ ہو اور کسی ادارے کی اجارہ دارانہ حیثیت قائم یا مضبوط نہ ہو۔

اس معاہدے کے تحت بی پی پی ایل سی، کیسٹرول گروپ ہولڈنگز لمیٹڈ کو موشن جے وی کو لمیٹڈ کے حوالے کرے گی، جبکہ کینیڈا پنشن پلان انویسٹمنٹ بورڈ اپنی ذیلی کمپنی کے ذریعے بالواسطہ اقلیتی حصص حاصل کرے گا۔ خریداری مکمل ہونے کے بعد اسٹون پیک پارٹنرز کا بالواسطہ واحد کنٹرول برقرار رہے گا ، کمیشن نے قرار دیا کہ نہ تو اسٹون پیک پارٹنرز اور نہ ہی کینیڈا پنشن پلان انویسٹمنٹ بورڈ پاکستان کی لبریکنٹس مارکیٹ میں پہلے سے سرگرم ہیں، اس لیے اس لین دین سے پاکستان میں مسابقت کرنے والے کاروبار یکجا نہیں ہوں گے اور نہ ہی مارکیٹ میں کمپٹیشن پر کوئی منفی اثر پڑے گا۔

کمیشن نے اپنے جائزے میں قرار دیا کہ اس خریداری سے مارکیٹ کے ڈھانچے میں کوئی ایسی تبدیلی نہیں آئے گی جس سے کمپٹیشن متاثر ہو یا کسی ادارے کی اجارہ دارانہ حیثیت قائم یا مضبوط ہو۔ چنانچہ کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت اس لین دین کی منظوری دے دی گئی ، کمپٹیشن کمیشن کا انضمام و حصول کا جائزہ سرمایہ کاری، کاروباری تنظیمِ نو اور کاروباری انضمام کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ منصفانہ مسابقت کو بھی یقینی بناتا ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھتا ہے، براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور ملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول فروغ پاتا ہے۔