قانونی ویزا رکھنے والے کسی افغان شہری کو پاکستان سے بے دخل نہیں کیا گیا . دفتر خارجہ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان نے کسی بھی ایسے افغان شہری کو ملک سے بے دخل نہیں کیا جس کے پاس قانونی ویزا یا دیگر درست سفری دستاویزات موجود ہوں۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ آئی ایف آر پی (IFRP) کے تحت تقریباً 89 ہزار افغان شہریوں کے کیسز پر کارروائی جاری ہے، جبکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تقریباً 16 ہزار خواتین، بچوں اور بزرگ افغان شہریوں کے پاکستان میں قیام میں توسیع دی جا رہی ہے ، طاہر اندرابی نے کہا کہ حکومت افغان شہریوں سے متعلق معاملات کو قانون اور انسانی بنیادوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نمٹا رہی ہے اور قانونی دستاویزات رکھنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

چترال کے قریب سرحدی علاقوں میں پیش آنے والے مبینہ واقعے سے متعلق سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس حوالے سے فی الحال کوئی مصدقہ معلومات دستیاب نہیں ہیں ، انہوں نے کہا کہ افغانستان سے موصول ہونے والی اطلاعات کی زمینی سطح پر تصدیق ضروری ہے، اس لیے غیر مصدقہ رپورٹس پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔