ہنگری میں پولینڈ کی سیاحتی بس خوفناک حادثے کا شکار، 12 افراد جاں بحق، 10 زخمی

بوڈاپسٹ (ویب‌ڈیسک) ہنگری میں پولینڈ کی سیاحوں کو لے جانے والی ایک بس رات گئے موٹروے پر حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور کم از کم 10 زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حادثہ اتوار کی صبح مشرقی ہنگری کے علاقے میں واقع قصبے میزُوکیرِشٹیش کے قریب پیش آیا۔ پولیس کے مطابق پولینڈ میں رجسٹرڈ بس ایم تھری موٹروے پر شہر نیرِیگ ہازا کی جانب جارہی تھی کہ اچانک سڑک سے اتر کر ایک گڑھے میں جاگری اور الٹ گئی۔

ہنگری کے وزیراعظم پیٹر میگیار نے سوشل میڈیا پر حادثے میں 12 افراد کی ہلاکت اور کم از کم 10 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ہنگری کی پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بس کا ڈرائیور دورانِ سفر سو گیا تھا، جس کے باعث گاڑی سیدھی سڑک سے نکل کر سڑک کے کنارے موجود گڑھے میں جاگری اور الٹ گئی۔ تاہم حادثے کی حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

ہنگری کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایم ٹی آئی کے مطابق بس میں 57 مسافر اور دو ڈرائیور سوار تھے۔ حادثے کے بعد امدادی کارکنوں نے بس سے مسافروں کو نکالنے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے فوری کارروائیاں شروع کردیں۔