Bari imam capitalnewspoint.com

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا بری امام کا دورہ، سالانہ میلے کے انتظامات کا جائزہ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بری امام کا دورہ کیا اور سالانہ میلے کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا ، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز اور اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹریٹ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

دورے کے دوران بری امام میں سالانہ میلے کے حوالے سے پارکنگ، لائٹنگ، داخلی و خارجی راستوں اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے زائرین کی آمد و رفت کے لیے کیے گئے انتظامات کا بھی معائنہ کیا تاکہ میلے کے دوران ٹریفک اور رش کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے میلے کے لیے کیے گئے سکیورٹی انتظامات اور حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ میلے کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں ، انہوں نے ہدایت کی کہ زائرین کی بڑی تعداد کے پیش نظر پارکنگ کے مؤثر انتظامات کیے جائیں اور رش کے اوقات میں اضافی عملہ تعینات رکھا جائے تاکہ شہریوں اور زائرین کو آمد و رفت کے دوران کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ میلے کے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور زائرین کو محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں ، انہوں نے کہا کہ میلے کے دوران عوام کی سہولت، سکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر انتظامات کی مسلسل نگرانی کرے گی۔