اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) معرکہ حق آزادی کپ ٹین پن بولنگ چیمپئن شپ 2026ء کے سنگلز فائنل میں دانیال اعجاز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی ، دانیال اعجاز نے تینوں گیمز میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور مجموعی طور پر 518 پوائنٹس حاصل کرکے چیمپئن شپ کا سنگلز ٹائٹل جیت لیا ، فہیم نے 514 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے رنر اپ ٹرافی اپنے نام کی، جبکہ ذیشان 513 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں امریکی سفارتخانے کی چارج ڈی افیئرز نتالیہ بیکر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ افنان مشعل مہمان اعزاز تھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹین پن بولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ٹین پن بولنگ میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان کھیلوں کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تکنیکی مہارتوں کے تبادلے، سہولیات میں بہتری اور پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنے کے لیے تعاون اہم ہے۔
امریکی چارج ڈی افیئرز نتالیہ بیکر نے شاندار چیمپئن شپ کے انعقاد پر اعجاز الرحمن کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پاکستان میں ٹین پن بولنگ کے فروغ اور اس شعبے میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کھیل دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا بہترین ذریعہ ہیں ، تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نتالیہ بیکر اور مہمان اعزاز افنان مشعل نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔
اختتامی تقریب میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اسپورٹس ڈپلومیسی کو فروغ دے کر پاکستان میں بولنگ کے کھیل کو مزید ترقی دی جائے گی اور پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

