اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) یومِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کیے گئے، جبکہ ڈی چوک کے اولڈ پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ شاندار سٹی پریڈ میں پولیس کی خصوصی پریڈ اور فلوٹس نے قومی جذبے کو اجاگر کیا ، سٹی پریڈ میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اسلام آباد پولیس کے خصوصی دستوں اور فلوٹس نے پریڈ میں بھرپور شرکت کی، جنہیں شہریوں کی جانب سے سراہا گیا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سٹی پریڈ کے سکیورٹی انتظامات، خصوصی پریڈ اور فلوٹس کا مختلف اوقات میں معائنہ کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران سے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ لی اور ضروری ہدایات جاری کیں، جبکہ پریڈ میں شریک پولیس افسران اور جوانوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
اسلام آباد پولیس کی SWAT فورس، کیپیٹل پٹرول یونٹ اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے دستوں نے خصوصی سٹی پریڈ میں شرکت کی۔ پولیس دستوں کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور قومی جذبے نے تقریب کو مزید نمایاں بنا دیا۔

یومِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد پولیس نے جامع سکیورٹی پلان کے تحت ضلع بھر کے اہم مقامات، شاہراہوں، تفریحی مقامات اور عوامی اجتماعات پر سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے۔ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی نافذ کیا گیا۔
تمام سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہے اور سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کی مسلسل نگرانی کرتے رہے۔ پولیس افسران اور جوانوں نے شہریوں کی رہنمائی، سکیورٹی چیکنگ اور ٹریفک مینجمنٹ سمیت مختلف ذمہ داریاں انجام دیں۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق مؤثر سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے باعث ضلع بھر میں یومِ آزادی کی تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہوئیں اور شہریوں نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ آزادی کی خوشیاں قومی جوش و جذبے سے منائیں ، شہریوں نے اسلام آباد پولیس کے سکیورٹی و ٹریفک انتظامات، خصوصی پریڈ اور فلوٹس کو سراہتے ہوئے پولیس افسران اور جوانوں کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور عوام کو محفوظ و پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور پیشہ ورانہ انداز میں جاری رکھے گی۔

