عمران خان کے علاج سے متعلق عدالتی حکم پر نظرثانی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے . اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت اور علاج سے متعلق عدالتی حکم پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے عدالتی فیصلے کا جائزہ لیا ہے اور اس پر نظرثانی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اعظم نذیر تارڑ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج سے متعلق حکم کا جائزہ لیا گیا ہے جب کہ حکم نامے کے دیگر نکات پر بھی قانونی ٹیم سے مشاورت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض امور کے حوالے سے ابہام موجود ہے جسے دور کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جا رہا ہے ، وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ملک کی جیلوں میں بہت سے ایسے قیدی بھی موجود ہیں جو صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ سپریم کورٹ کا حکم تمام قیدیوں کے لیے ہوگا یا صرف بانی پی ٹی آئی کے کیس تک محدود رہے گا۔

اعظم نذیر تارڑ نے واضح کیا کہ سزایافتہ قیدیوں کو سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے، عدالتی حکم کے حوالے سے موجود ابہام کو قانونی طریقہ کار کے ذریعے دور کیا جائے گا۔