اسلام آباد (احسان بخاری /سپیشل رپورٹر) اسلام آباد میں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے 275 غیر ملکی شہریوں کے خلاف فارن ایکٹ 1946 کی دفعہ 14 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ، ایف آئی آر کے مطابق ایف آئی اے کو اطلاع ملی تھی کہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں غیر ملکی شہری اسلام آباد میں اپنے ویزوں کی شرائط کے برخلاف غیر قانونی ملازمت، کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کی ٹیم نے مجاز حکام کی منظوری کے بعد سیکٹر I-10/3، اکبر فلور ملز، پلاٹ نمبر 89، اسٹریٹ نمبر 7 میں کارروائی کی ، موقع پر موجود غیر ملکی شہریوں کی انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم (IBMS) کے ریکارڈ سے جانچ پڑتال کی گئی ، ایف آئی آر کے مطابق موقع پر 275 غیر ملکی شہری موجود تھے، جو مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں اور مختلف نوعیت کے ویزوں، جن میں وزٹ، ٹورسٹ اور بزنس ویزے شامل ہیں، پر پاکستان آئے تھے۔
دستاویز کے مطابق مزید تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مذکورہ غیر ملکیوں نے موقع پر ایک بڑا کال سینٹر ٹائپ کاروباری سیٹ اپ قائم کر رکھا تھا اور مبینہ طور پر ایسی تجارتی و کاروباری سرگرمیاں جاری تھیں جو ان کے ویزوں کے مقصد اور شرائط سے مطابقت نہیں رکھتیں ، ایف آئی اے نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ویزے کی شرائط کے برخلاف سرگرمیاں فارن ایکٹ 1946 کی دفعہ 14 کے تحت جرم کے زمرے میں آتی ہیں۔
275 غیر ملکی شہریوں کے نام، قومیت، ویزا کیٹیگری اور پاسپورٹ نمبرز پر مشتمل الگ فہرست بھی استغاثہ رپورٹ کے ساتھ منسلک کی گئی ہے ، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ معاملے میں ملوث کسی بھی دوسرے شخص کا کردار تحقیقات کے دوران سامنے آنے پر اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ، مقدمہ درج ہونے کے بعد ایف آئی اے نے مزید تفتیش شروع کردی ہے

