Nadeem Afzal Chan CapitalNewsPoint.Com

راولپنڈی میں بارش سے تباہی پنجاب حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے . ندیم افضل چن

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا کہ جڑواں شہر راولپنڈی میں بارش سے تباہی، پنجاب حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ، راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث ہونے والی تباہی پر پنجاب حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ کہ بارش نے حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں گھروں اور کاروباری مراکز میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات اور تاجروں کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ راجہ بازار کو ماڈل بازار بنانے پر کروڑوں روپے خرچ کرکے نمائشی پروگرام کرنے والوں کی حقیقت ایک ہی بارش نے آشکار کردی، راجہ بازار کے گوداموں میں پانی داخل ہونے سے تاجروں کا کروڑوں روپے کا سامان متاثر ہوا، مگر حکومت مشکل کی اس گھڑی میں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ نکاسی آب کے مؤثر انتظامات نہ ہونا حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے، حکومت سو رہی ہے جبکہ عوام اپنی جمع پونجی ڈوبتے ہوئے دیکھنے پر مجبور ہیں، راولپنڈی کے تاجروں کا کروڑوں روپے کا نقصان کس کی ذمہ داری ہے، حکومت اس کا جواب دے ، اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ شہریوں اور تاجروں کو فوری امداد فراہم کی جائے اور ان کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، حکومت اعلانات اور تشہیر کے بجائے عملی اقدامات کرے اور مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہ چھوڑے۔

سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی نے کہا کہ کشمیر ہو یا کراچی، عوام کو محفوظ بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے، انہیں لاوارث نہیں چھوڑا جا سکتا، حکومت عوام کے ٹیکسوں سے چلتی ہے، اس لیے مشکل وقت میں اسے عوام کے ساتھ کھڑا نظر آنا چاہیے ، ندیم افضل چن کا مزید کہنا تھا کہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو چکا، گھر ڈوب گئے اور کاروبار تباہ ہو گئے، مگر حکومت کہاں ہے؟ حکومت عوام کے صبر کا مزید امتحان نہ لے اور متاثرین کی فوری داد رسی یقینی بنائے۔