ایرانی قوم دباؤ کے سامنے نہیں جھکتی، مقدر کا فیصلہ خود کرتے ہیں . نائب وزیر خارجہ

تہران (ویب ڈیسک) نائب ایرانی وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایرانی قوم دباؤ کے سامنے نہیں جھکتی، کسی بیرونی طاقت کو اپنے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیتے، ہم اپنے مستقبل اور مقدر کا فیصلہ خود کرتے ہیں ، اپنے بیان میں کاظم غریب آبادی نے کہا کہ 19 اگست 1953 کو ایرانی قوم کے حق خود ارادیت پر ڈاکا ڈالا گیا، تاریخی حقیقت کو نہ چھپایا جا سکتا ہے اور نہ ہی فراموش کیا جا سکتا ہے، کسی بھی ملک میں بیرونی مداخلت عوام کے حق حاکمیت کی خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نسلیں بدل جاتی ہیں لیکن حقیقت ہمیشہ برقرار رہتی ہے، جو ملک اپنا مقدر غیر ملکیوں کے سپرد کرتا ہے اسے بھاری قیمت چکانا پڑتی ہے ، کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایران آج اپنے مستقبل اور مقدر کا فیصلہ خود کرتا ہے، ایران کسی بیرونی طاقت کو اپنے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیتا، ایرانی قوم دباؤ کے سامنے نہیں جھکتی، ایرانی قوم مطالبات اور دھمکیوں کے مقابلے میں مزید مضبوطی سے کھڑی ہوتی ہے۔

نائب ایرانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ایران کی خودمختاری اور حق خود ارادیت کے تحفظ کیلئے مزاحمت جاری رہے گی، ماضی کی غیر ملکی مداخلت کو یاد رکھنا ضروری ہے، 19 اگست 1953 میں امریکا اور برطانیہ نے خانہ جنگی پیدا کر کے محمد مصدق کا تختہ الٹا تھا۔