اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد میں غیر قانونی گردوں کی پیوند کاری کے مبینہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے قائداعظم انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد کے سی ای او اور مالک ڈاکٹر شوکت بنگش کو گرفتار کر لیا ، ایف آئی اے کے مطابق ڈاکٹر شوکت بنگش کو ایف آئی آر نمبر 16/2026 میں نامزد ملزم کی حیثیت سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ان پر غیر قانونی اور تجارتی بنیادوں پر گردوں کی پیوند کاری کی مبینہ سہولت کاری کا الزام عائد کیا گیا ہے ، حکام کے مطابق قائداعظم انٹرنیشنل ہسپتال میں مبینہ غیر قانونی گردوں کی پیوند کاری کے نیٹ ورک کے خلاف تحقیقات جاری ہیں ، ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر شوکت بنگش نے ڈاکٹر نادر، ٹرانسپلانٹ کوآرڈینیٹر عدیل شیرازی اور دیگر ملزمان کے ساتھ مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں میں سہولت کاری کی۔
ایف آئی اے کے مطابق گردوں کی پیوند کاری کے سرجن ڈاکٹر نادر اور ٹرانسپلانٹ کوآرڈینیٹر عدیل شیرازی سمیت 6 ملزمان پہلے ہی گرفتار ہو چکے ہیں ، گرفتار ملزمان اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ ان کی بعد از گرفتاری ضمانتیں مسترد کر چکی ہے ، ذرائع کے مطابق ڈاکٹر شوکت بنگش کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں ایف آئی اے کی جانب سے جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی استدعا کی جائے گی۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران ہسپتال کے عملے اور مبینہ نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کے کردار کا بھی تعین کیا جائے گا ،حکام کو توقع ہے کہ گرفتار ملزم سے دیگر مبینہ ساتھیوں اور غیر قانونی نیٹ ورک سے متعلق مزید اہم معلومات حاصل ہوں گی۔

