وزیراعظم شہباز شریف کی اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت، حکومت بامقصد بات چیت کیلئے تیار

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن کو معاملات طے کرنے کی دعوت دے دی ،وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو معاملات طے کرنے کے لئے دعوت دیتا ہوں، حکومت اپوزیشن سے با مقصد بات چیت کیلئے تیار ہے، ہم نے ہمیشہ مکالمے کو ترجیح دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی خوش آئند ہے، وزیر پٹرولیم کی کاوشوں سے پٹرول کی قیمت میں 32 روپے کمی کی گئی، حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، عالمی صورتحال کے اثرات پاکستان پر مرتب ہوئے، مشکل معاشی صورتحال میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیج ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے کے کئی ممالک میں ری فنائنری اور کیمیکل پلانٹس بند ہیں، پاکستان توانائی درآمد کرنے والا ملک ہے ، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کل تاجر برادری کی مشاورت سے کاروبار کیلئے ایپ لانچ کی گئی، گوگل کا وفد پاکستان آیا ہوا ہے، اس سے بھی ملاقات ہوئی۔