آن لائن فراڈ کیس ، این سی سی آئی اے کے زیر حراست ملزمان کیلئے اسلام آباد میں ایک اور سب جیل قائم

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) اسلام آباد میں آن لائن فراڈ میں مبینہ طور پر ملوث غیر ملکی شہریوں کی گرفتاری کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے زیر حراست ملزمان کے لیے اسلام آباد میں ایک اور سب جیل قائم کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد نے سیکٹر آئی-10 میں قائم ایک مقام کو سب جیل اور سب لاک اپ قرار دے دیا ہے ، این سی سی آئی اے کی درخواست پر سب جیل کے قیام کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق این سی سی آئی اے کی جانب سے گرفتار کیے جانے والے افراد کو مذکورہ سب جیل میں رکھا جائے گا، جبکہ سب جیل کی سکیورٹی اور زیر حراست افراد کی ذمہ داری ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے کے سپرد ہوگی۔

جاری کردہ احکامات کے تحت سب جیل میں ریکارڈ کی دیکھ بھال کے لیے این سی سی آئی اے کا ایسا افسر تعینات کیا جائے گا جو بی پی ایس-17 یا اس سے زائد گریڈ کا ہو ، متعلقہ افسر زیر حراست افراد کے ریکارڈ سمیت دیگر انتظامی امور کی نگرانی کرے گا۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ سب جیل کا قیام فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور آئندہ احکامات تک برقرار رہے گا ، سب جیل کے قیام سے متعلق اطلاع وزارت داخلہ، این سی سی آئی اے، آئی جی اسلام آباد اور ضلعی انتظامیہ کو بھی فراہم کر دی گئی ہے۔

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسلام آباد میں آن لائن فراڈ سے متعلق کارروائی کے دوران غیر ملکی شہریوں سمیت متعدد افراد کی گرفتاری کا معاملہ زیر بحث ہے۔ متعلقہ حکام کی جانب سے زیر حراست افراد سے متعلق قانونی کارروائی اور تحقیقات جاری ہیں۔