لاہور (بیورو رپورٹ ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے کسی شہر میں بارش ہوتی ہے تو چند گھنٹوں میں پانی کلیئر ہوتا ہے ، عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سندھ میں جب زیادہ بارش ہوتی تو زیادہ پانی کئی کئی دن تک کھڑا رہتا ہے، لاہور، گجرات اور راولپنڈی میں اس سیزن تاریخ کی سب سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں دنوں میں نہیں صرف چند گھنٹوں میں انتظامیہ نے پانی کلیئر کیا، میڈیا کو نظر آتا ہے کونسی حکومت بارش میں متحرک ہوتی ہے اور کونسی حکومت بارش کے پانی کو دیکھ کر غائب ہوتی ہے ، وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ہر سال بارشوں کے سیزن میں کراچی ڈوب جاتا ہے لیکن سترہ سال والی حکومت نہیں جاگتی، مریم نواز نے پورے پنجاب میں واسا قائم کی، 1000 ہزار نئی مشینری لے کر دی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جس کے نتائج پنجاب میں ہر بارش میں میڈیا کو نظر آتے ہیں، پنجاب میں سندھ کی طرح بارش رکنے یا پانی خود خشک ہونے کا انتظار نہیں کیا جاتا ، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے جس واسا سے سیکھتے ہیں، اس کے خلاف بولتے ہیں، یہ سب کیسے کرلیتے ہیں؟ میڈیا کو کوسنے کی بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں تو زیادہ بہتر ہوگا ، عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سترہ سال بعد بھی اپنی نالائقیاں دوسروں پر ڈالنے کی آپ کی عادت نہیں گئی۔

