بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی، عظمیٰ خان کی توہینِ عدالت درخواست پر فوری سماعت کیلئے دوبارہ رجوع

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی سے متعلق کیس میں ان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان نے توہینِ عدالت کی درخواست پر فوری سماعت کے لیے ایک اور درخواست دائر کردی۔

درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں حالت بگڑ رہی ہے اورسپریم کورٹ کے حکم کے برعکس انہیں پمز لےجایا گیا، درخواست میں بانی پی ٹی آئی کو طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

عظمیٰ خان نے درخواست میں کہا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر جان بوجھ کر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد نہیں کیا گیا، عدالت کے حکم پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

درخواست میں کہا گیا کہ عدلیہ کے حکم پر مسلسل عمل نہ کرنا قانون شکنی کے زمرے میں آتا ہے، کیسز فکسیشن پالیسی توہینِ عدالت کی فوری سماعت میں رکاوٹ نہیں، اس سے قبل 25 اگست کوفوری سماعت کی درخواست مسترد کردی گئی تھی، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ درخواست چیف جسٹس نے مسترد کی یا نہیں ، عظمیٰ خان نے استدعا کی کہ توہینِ عدالت کی درخواست کو فوری سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔