امریکا ایران جنگ کے اثرات، ڈیزل کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

واشنگٹن (ویب‌ڈیسک) امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے اثرات عالمی توانائی مارکیٹ پر نمایاں ہونے لگے ہیں، جس کے نتیجے میں امریکا میں ڈیزل کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ، امریکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا میں ڈیزل کی قیمت بڑھ کر 5.88 ڈالر فی گیلن ہوگئی ہے، جو اب تک کی بلند ترین سطح قرار دی جارہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث امریکا میں روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ہے، کیونکہ ٹرانسپورٹ اور سپلائی کے شعبے میں ڈیزل کا اہم کردار ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ڈیزل کے ذخائر میں کمی بھی قیمتوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ بن رہی ہے، جبکہ موجودہ صورتحال برقرار رہنے کی صورت میں ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ، ماہرین کے مطابق توانائی کی قیمتوں میں اضافہ امریکی معیشت کے مختلف شعبوں پر اثر انداز ہوسکتا ہے اور مہنگائی کے دباؤ میں بھی اضافہ کرسکتا ہے۔