اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) سعودی عرب نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے تعلیمی اور تکنیکی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 15 کروڑ روپے کی مالی معاونت کا اعلان کردیا ہے، یہ اعلان سعودی قومی دن کے موقع پر کیا گیا، جسے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔
گرانٹ سے یونیورسٹی میں جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے منصوبے پر کام کیا جائے گا ، منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں یونیورسٹی کی ہر فیکلٹی میں جدید سمارٹ کلاس رومز قائم کیے جائیں گے جبکہ مجموعی طور پر پانچ جدید کمپیوٹر لیبارٹریاں بھی تیار کی جائیں گی۔
یونیورسٹی میں ٹیکنالوجی کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے 220 نئے کمپیوٹر سسٹمز، انٹرایکٹو سمارٹ بورڈز اور ہائی اسپیڈ وائی فائی فراہم کیا جائے گا۔ ان اقدامات کا مقصد طلبہ اور اساتذہ کو جدید تعلیمی ماحول فراہم کرنا اور تدریس و تحقیق کے عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا ہے ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی انتظامیہ کے مطابق تعلیمی سہولیات کو جدید بنانے اور یونیورسٹی کے تکنیکی ڈھانچے کو بہتر کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔
یونیورسٹی کی جانب سے سعودی عرب کی حکومت کا اس مالی تعاون پر دلی شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے امید ظاہر کی کہ اس تعاون سے طلبہ کو جدید تعلیمی و تکنیکی سہولیات میسر آئیں گی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شعبے میں تعاون مزید مضبوط ہوگا ، سعودی عرب کی جانب سے اعلان کردہ گرانٹ کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے تعلیمی ماحول کو جدید بنانے اور ڈیجیٹل سہولیات میں اضافے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

