Jazz , Zong , Ufone , Telenor , Companies

پی ٹی اے نے چار سال میں موبائل آپریٹرز پر 3 ارب 41 کروڑ روپے جرمانے عائد کیے

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل سروس کے معیار اور کوریج سے متعلق خلاف ورزیوں پر گزشتہ چار برس کے دوران مختلف موبائل آپریٹرز پر مجموعی طور پر 3 ارب 41 کروڑ روپے جرمانے عائد کیے ہیں۔

سرکاری ریکارڈ کے مطابق اس عرصے میں Jazz، Zong، Ufone اور Telenor کو 86 شوکاز نوٹس اور 20 وارننگ لیٹرز بھی جاری کیے گئے، جبکہ کوالٹی آف سروس سے متعلق خلاف ورزیوں پر مالی جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

پی ٹی اے موبائل نیٹ ورکس کی کارکردگی اور کوریج کا جائزہ لینے کے لیے کوالٹی آف سروس سروے کرتا ہے ، سروے کے دوران مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے والے آپریٹرز کو وارننگ، شوکاز نوٹس اور جرمانوں سمیت مختلف ریگولیٹری کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

موبائل کمپنیوں کا جرمانوں پر تحفظات کا اظہار :

دوسری جانب موبائل آپریٹرز نے پی ٹی اے کی جانب سے عائد کیے جانے والے بھاری جرمانوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ، کمپنی نمائندوں کا مؤقف ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ اور ڈیٹا سروسز کی بعض بندشیں موبائل آپریٹرز کے اختیار میں نہیں ہوتیں بلکہ حکومتی اور سکیورٹی فیصلوں کے نتیجے میں سروس متاثر ہوتی ہے۔

Jazz، Zong، Ufone اور Telenor کے نمائندوں کے مطابق طویل دورانیے کی انٹرنیٹ بندش سے ڈیٹا استعمال میں کمی آتی ہے اور اس کے نتیجے میں کمپنیوں کی آمدن بھی براہ راست متاثر ہوتی ہے ، ان کا کہنا ہے کہ ایک جانب سروس بندشوں کے باعث ریونیو کم ہوتا ہے تو دوسری جانب نیٹ ورک کے معیار سے متعلق جرمانے عائد کیے جاتے ہیں۔

نمائندوں نے مزید کہا کہ موبائل آپریٹرز کو نیٹ ورک، اسپیکٹرم اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے مسلسل بھاری سرمایہ کاری کرنا پڑتی ہے، اس لیے جرمانوں کے موجودہ طریقہ کار اور انٹرنیٹ بندشوں کے مالی اثرات کا جامع جائزہ لیا جانا چاہیے۔

آپریٹرز کی ریگولیٹری طریقہ کار پر نظرثانی کی درخواست :

موبائل کمپنیوں کے مطابق ریگولیٹری نگرانی ضروری ہے، تاہم بنیادی سروس مسائل کے حل اور نیٹ ورک کی بہتری کے لیے زمینی حقائق کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے، کمپنی نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ جرمانوں کے نظام کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ بندشوں کے اثرات کا بھی جامع جائزہ لیا جائے۔

سرکاری ریکارڈ کے مطابق جرمانوں کے عرصے کے بڑے حصے میں Jazz، Zong، Ufone اور Telenor چار الگ موبائل آپریٹرز کے طور پر مارکیٹ میں موجود تھے ، بعد ازاں Telenor Pakistan کے PTML/Ufone میں انضمام کے بعد ملک میں بڑے موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کی تعداد تین رہ گئی ہے۔