خیبر پختونخوا کی ترقی اور عوامی فلاح کا سفر جاری رکھیں گے . وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی ترقی اور صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کا سفر جاری رکھیں گے ، وزیراعظم شہبازشریف سے گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں صوبے کے مجموعی سیاسی حالات، امن و امان، اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہباز شریف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی ترقی اور صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام جاری رکھے گی ، دوران ملاقات وفاق اور صوبے کے درمیان ہم آہنگی اور عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے مزید کوششوں پر بھی زور دیا گیا ، ملاقات میں وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی اور حالیہ مون سون سیزن میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے پیشگی انتظامات پر بریفنگ دی۔

شہباز شریف نے اس موقع پر ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، انہوں نے بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور امدادی سامان کی ترسیل کیلئے متعلقہ محکموں کے ساتھ روابط بڑھانے کی ہدایت بھی کی ، وزیراعظم نے ملک میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔