Capital-DEVELOPMENT-AUTHORITY-CDA-CAPITALNEWSPOINT.COM_

غوری ٹاؤن میں ٹینکر مافیا بے لگام، سیل ٹیوب ویلز دوبارہ کھول کر پانی کی فروخت جاری

اسلام آباد (احسان بخاری/سپیشل رپورٹر )غوری ٹاؤن اسلام آباد میں ٹینکر مافیا کے ہاتھوں سی ڈی اے حکام بے بس ہوگیا،مافیا نے کچھ دن قبل سیل کیے گئے ٹیوب ویلز کو خود ہی کھول کر دوبارہ شہریوں کو پانی کی سپلائی دینا شروع کر دی،اسی حوالے سے مزید تحقیقات پر انکشاف ہوا کہ مافیا نے دھڑلے سے اب کی بار روڈ کے اطراف غیر قانونی پائپ لائنوں کی کھدائی کر کے خود ہی کنکشن لے کر خود ہی ٹیوب ویلز بنا رکھے ہیں۔

اس دھندے میں سی ڈی اے کا عملہ بھی باقاعدہ ملوث ہے , ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے کھنہ چوک سے کورال چوک کے درمیان سڑک کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا تو روڈ کی کھدائی کے دوران راولپنڈی اسلام آباد کے درمیان غیر قانونی پائپ لائنوں کا پتہ چلا , ٹینکر زمافیا نے ایکسپریس وے پر خود پانی کی پائپ لائنیں بچھا رکھی تھیں.

جس پر کریک ڈائون کیا گیا اور متعدد ٹیوب ویل سیل کردیئے گئے مگر ٹینکر مافیا نے متعدد ٹیوب ویلوں سے پانی کی فروخت دوبارہ شروع کررکھی ہے , شہریوں کو پانی کا ٹینکر تین ہزار روپے میں فروخت ہوتا ہے , ذرائع نے بتایا کہ ٹینکر مافیا نے گرین بیلٹ کے درمیان ٹیوب ویل نصب کررکھے ہیں جس کی سپلائی اسلام آباد سے راولپنڈی بنائے گئے پانی کے ڈپو پر جاتے ہیں جہاں سے پانی فروخت ہورہا ہے .

راولپنڈی کے کھوکھر روڈ پر غوری ٹائون کی زیر تعمیر سڑک کے قریب گرین بیلٹ میں غیر قانونی ٹیوب ویل کھلے عام چل رہے ہیں جو کہ سی ڈی اے اور واسا حکام کے لئے لمحہ فکریہ ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے تاحال خاموشی اختیار کررکھی ہے, اسی حوالے سے بتایا گیا کہ سی ڈی اے حکام اور انتظامیہ نے دودن قبل فرضی ایک آپریشن کیا اور ایک شخص کو دکھاوے کیلئے گرفتار کر لیا گیا ۔