سہیل آفریدی کو سکیورٹی دے کر پنجاب حکومت نے ذمہ دار طرزِ حکمرانی کا مظاہرہ کیا . سلمان رفیق

لاہور (بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو پنجاب آمد پر سکیورٹی فراہم کرکے صوبائی حکومت نے ذمہ دار طرزِ حکمرانی کا مظاہرہ کیا , اپنے بیان میں خواجہ سلمان رفیق نے دعویٰ کیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے متعدد مرتبہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عملے اور صوبائی حکومت سے ان کے روٹ سے متعلق معلومات طلب کی گئیں، تاہم اس حوالے سے مطلوبہ تعاون نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کی جانب سے مبینہ طور پر غیر پارلیمانی گفتگو کے باوجود پنجاب پولیس نے ان کے لیے سکیورٹی انتظامات مکمل رکھے اور اپنی ذمہ داری ادا کی , صوبائی وزیر نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے دورے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور مریضوں کو لے جانے والی ایمبولینسز بھی ٹریفک میں پھنسیں, ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال پر سہیل آفریدی کو عوام سے معذرت کرنی چاہیے۔

خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے سکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ پولیس کی گاڑی میں گھومنے کے بعد فٹ پاتھ پر بیٹھ گئے، تاہم عوام کی جانب سے ان کے اس طرزِ عمل کو کوئی خاص پذیرائی نہیں ملی , صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب قانون کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور امن و امان برقرار رکھنا اس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔