مظفرآباد (بیورو رپورٹ) آزاد جموں و کشمیر میں صدرِ ریاست کے انتخاب کے لیے پولنگ 24 ستمبر کو ہوگی ، آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کا باضابطہ شیڈول جاری کردیا ہے ، چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے پریس کانفرنس میں انتخابی پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صدارتی امیدوار 19 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ کاغذات نامزدگی چیف الیکشن کمشنر اور ریٹرننگ افسر کے دفتر میں وصول کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال بھی 19 ستمبر کو کاغذات جمع ہونے کے فوراً بعد کی جائے گی، جبکہ امیدوار 23 ستمبر کو صبح 11 بج کر 30 منٹ تک اپنے کاغذات واپس لینے کے مجاز ہوں گے ، جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے بتایا کہ وہ خود صدارتی انتخاب کے لیے ریٹرننگ افسر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صدرِ آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے پولنگ 24 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ہال میں ہوگی۔ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل فوری طور پر شروع کردیا جائے گا ، چیف الیکشن کمشنر نے قائم مقام صدر آزاد کشمیر سے بھی درخواست کی ہے کہ صدارتی انتخاب کے انعقاد کے لیے 24 ستمبر کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے۔

