ایف جی ای ایچ اے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، ہاؤسنگ منصوبوں اور کامیاب نیلامی کا جائزہ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر)‌ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کے ایگزیکٹو بورڈکا 52واں اجلاس وزارتِ ہاؤسنگ و تعمیرات میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت وفاقی وزیرِ ہاؤسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کی، جبکہ سیکرٹری ہاؤسنگ و تعمیرات کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد محمود ، ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد ظفر اقبال اور بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ایف جی ای ایچ اے کے جاری ہاؤسنگ منصوبوں، حالیہ پیش رفت، کامیاب نیلامی اور مستقبل کے لائحۂ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ، وفاقی وزیرِ ہاؤسنگ و تعمیرات نے ایف جی ای ایچ اے کی جانب سے حالیہ کامیاب نیلامی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی کی جانب سے کی جانے والی مسلسل اور انتھک محنت کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق وزارتِ ہاؤسنگ و تعمیرات اور ایف جی ای ایچ اے کی جانب سے کی جانے والی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، جن کے نتیجے میں سرمایہ کاروں نے ایف جی ای ایچ اے پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے ، وزیرِ ہاؤسنگ و تعمیرات نے اس اہم پیش رفت پر سیکرٹری ہاؤسنگ و تعمیرات اور ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزارت اور ایف جی ای ایچ اے کےباہمی تعاون سے ہاؤسنگ کے شعبے میں اہم پیش رفت کر رہے ہیں۔

اس سے پہلے وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ تعمیرات فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی کے کچھ پروجیکٹس کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے تھے لیکن اس بار انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا،اور مزید کہاکہ ایف جی ای ایچ اے کے مختلف منصوبے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، جن میں سیکٹر ایف-14، ایف-15، ڈی ایچ اے کے ساتھ جوائنٹ وینچرمنصوبہ مارگلہ آرچرڈ سمیت دیگر ہاؤسنگ پراجیکٹس شامل ہیں۔

ان منصوبوں کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے ، اس موقع پر ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ ،ایڈوائزر ٹو پرائم منسٹر آف پاکستان ،فیڈرل منسٹر فار اسٹیبلشمنٹ احد خان چیمہ کی خدمات کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا، جنہوں نے نیشنل ہاؤسنگ پالیسی کی تیاری اور وزارتِ ہاؤسنگ و تعمیرات سے متعلق اہم امور اور ڈرافٹس اپروو کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کی کاوشوں کو ہاؤسنگ سیکٹر میں پالیسی سازی اور مستقبل کے اقدامات کے حوالے سے اہم قرار دیا گیا ، وزیرِ ہاؤسنگ و تعمیرات نے کہا کہ ایف جی ای ایچ اے کی حالیہ کامیاب نیلامی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا ایک اہم سنگِ میل ہے ، سرمایہ کاروں کا ایف جی ای ایچ اے پر اعتماد اس بات کا واضح اظہار ہے کہ اتھارٹی اپنے منصوبوں کو آگے بڑھانے اور ہاؤسنگ کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے میں کامیاب ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف جی ای ایچ اے کے موجودہ الاٹیز کو ان کے پلاٹس کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا اور جن الاٹیز کو پلاٹس الاٹ ہو چکے ہیں، انہیں ترقیاتی کاموں میں مزید پیش رفت کے ساتھ جلد از جلد پلاٹس کا قبضہ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ، وزیرِ ہاؤسنگ و تعمیرات نے مزید کہا کہ ویٹنگ لسٹ میں موجود الاٹیز کے لیے نئی ہاؤسنگ اسکیمیں متعارف کرانے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

تاکہ انہیں بھی رہائشی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے ، اسی طرح زیرِ التواء ہاؤسنگ منصوبوں کو بھی جلد مکمل کرنے اور انہیں عملی طور پر آگے بڑھانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی ، اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وزارتِ ہاؤسنگ و تعمیرات اور ایف جی ای ایچ اے باہمی تعاون سے جاری ہاؤسنگ منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے، نئے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے، الاٹیز کو بروقت سہولیات فراہم کرنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھیں گے