اسلام آباد (کورٹ رپورٹر) پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) کے رجسٹرار کی بھرتی کے لیے جاری اشتہار کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ عدالت نے رجسٹرار کی تعیناتی کا عمل جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے حتمی تقرری کے احکامات جاری کرنے سے روک دیا۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے انجینئر خادم حسین کی درخواست پر سماعت کی اور کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے پاکستان انجینئرنگ کونسل سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ، درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی عدالت میں پیش ہوئے ، وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پی ای سی کے رجسٹرار کی تعیناتی کے لیے اشتہار 23 اگست 2026 کو جاری کیا گیا تھا، تاہم یہ تقرری کے مروجہ قواعد سے مطابقت نہیں رکھتا۔
تحریری حکم نامے کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ملازمین کی تقرری، ترقی اور تبادلے سے متعلق قواعد 2020 میں رجسٹرار کی تعیناتی کے لیے اہلیت اور طریقہ کار واضح کیا گیا ہے۔
وکیل کے مطابق اگر سینئر ایڈیشنل رجسٹرار دستیاب ہو تو سلیکشن بورڈ کو اہل سینئر افسران میں سے کم از کم تین امیدواروں کے نام تجویز کرنا ہوتے ہیں۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ پی ای سی ایکٹ اور متعلقہ قواعد میں رجسٹرار کی براہ راست تعیناتی کی اجازت موجود نہیں، اس لیے جاری کردہ اشتہار قانونی تقاضوں سے متصادم ہے۔
عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد رجسٹرار کی تعیناتی کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت کی، تاہم پی ای سی کو حتمی تقرری کا حکم جاری کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے پاکستان انجینئرنگ کونسل سمیت تمام متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 29 ستمبر 2026 تک ملتوی کردی۔

