پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا ملک، کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، کوہاٹ میں دہشتگردوں کے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ شہید پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا فرنٹ لائن صوبہ ہے، صوبے کے عوام مسلسل دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہے ہیں ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پاکستان کے لیے 80 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان قربانیوں کے نتیجے میں ملک میں امن قائم ہوا۔
اُنہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام آج بھی دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں، اسی وجہ سے باقی پاکستان، بشمول اسلام آباد، میں امن ہے، خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کی قدر کی جانی چاہیے ، سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے خلاف کہے گئے ایک ایک لفظ سے ہمارے زخم تازہ ہوتے ہیں اور ہمارے شہداء کی بے حرمتی ہوتی ہے۔
انہوں نے سب سے بڑے صوبے کے وزیراعلیٰ کی جانب سے یہ کہنا کہ بھارت سے نہیں بلکہ باقی تین صوبوں سے خطرہ ہے، افسوسناک قرار دیا ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت پاکستان کے تمام صوبے محب وطن پاکستانی ہیں اور سب نے ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں، یہاں کے عوام نے پاکستان کے لیے قربانیاں دی ہیں، دے رہے ہیں اور ان شاء اللہ ہمیشہ دیتے رہیں گے۔
سہیل آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے، کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، عوام کے درمیان تفریق، تعصب اور نفرت پیدا کرنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے، ان شاء اللہ پاکستان ہمیشہ زندہ، قائم اور دائم رہے گا۔

