دانش یونیورسٹی میں داخلے مکمل میرٹ پر ہوں گے . وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ باصلاحیت اور مستحق طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر معیاری، جدید اور عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ، وزیراعظم کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں یونیورسٹی کے منصوبے کے حوالے سے وزیراعظم کی جانب سے دی گئی مختلف ہدایات پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ دانش یونیورسٹی ملک کے باصلاحیت اور مستحق نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم اور جدید سہولیات تک رسائی فراہم کرے گی ، ان کے مطابق جدید تعلیمی، تحقیقی اور تکنیکی سہولیات کی بدولت یہ ادارہ پاکستان سمیت خطے میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں مرکزِ امتیاز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے ، وزیراعظم نے واضح کیا کہ دانش یونیورسٹی میں داخلوں کے لیے ملک بھر سے قابل اور باصلاحیت طلبہ کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی میں مختلف فیکلٹی کی آسامیوں کے لیے اب تک 185 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جبکہ موزوں اور باصلاحیت اساتذہ کے انتخاب کا عمل جاری ہے ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف ایس سی اور اے لیول کے دوسرے سال میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے دانش یونیورسٹی کے ورچوئل اسکول کا ٹیلنٹ ہنٹ بھی شروع کردیا گیا ہے ، کامیاب امیدواروں کے لیے پانچ ماہ پر مشتمل کلاسز مکمل طور پر مفت ہوں گی۔

اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ ورچوئل کلاسز کے لیے ٹیسٹ 24 اکتوبر 2026 کو ملک کے 40 سے زائد شہروں میں منعقد کیا جائے گا۔ دانش یونیورسٹی کی عمارت آئندہ سال تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ باقاعدہ تدریسی سرگرمیوں کا آغاز 20 ستمبر 2027 سے متوقع ہے ، بریفنگ کے مطابق یونیورسٹی کے ابتدائی مرحلے میں بائیو انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر سائنس اور ٹیکنالوجی و سماجیات سے متعلق جدید تعلیمی پروگرام شروع کیے جائیں گے۔

طلبہ کو یونیورسٹی میں باقاعدہ تعلیم کے آغاز سے قبل ضروری تعلیمی تیاری اور معاونت فراہم کرنے کے لیے برج پروگرام بھی متعارف کرایا جائے گا، جو 10 اگست سے 14 ستمبر 2027 تک جاری رہے گا ، اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر طارق فضل چودھری، رکن قومی اسمبلی اسامہ سرور، چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز دانش یونیورسٹی عارف سعید سمیت متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔