جہلم (کرائم رپورٹر) تین کم سن بچوں کو نہر میں پھینکنے کے مقدمے میں نامزد ملزم زیشان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا ، پولیس ترجمان کے مطابق ملزم زیشان کو تفتیش کے سلسلے میں لے جایا جا رہا تھا کہ راٹھیاں کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اسے چھڑانے کی کوشش میں پولیس پر فائرنگ کردی .
پولیس کے مطابق فائرنگ کے دوران ملزم زیشان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا، جبکہ فائرنگ کرنے والے افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے ، پولیس کے مطابق پانچ روز قبل ملزم زیشان نے مبینہ طور پر اپنے تین کم سن بچوں کو نہر میں پھینک دیا تھا، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔

