اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی شہید کیپٹن حمزہ اکرم کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے شہید کے والد اور بھائی سے ملاقات کی اور دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ، وفاقی وزیر داخلہ نے شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی، انہوں نے شہید کے والد کے بلند حوصلے اور جذبے کو سراہا۔
شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے والد نے کہا کہ میرا بیٹا حمزہ پاکستان پر قربان ہوا، دوسرا بیٹا بھی پاکستان کے لیے حاضر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید حمزہ نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو کچھ نہیں ، محسن نقوی نے کہا کہ آپ جیسے عظیم والد کے حوصلے پر پوری قوم کو ناز ہے، شہید کیپٹن حمزہ اکرم کا غیر معمولی جرات اور بلند جذبہ ہی قوم کی اصل طاقت ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم نے 7 خوارجیوں کو جہنم واصل کرکے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی، شہید کیپٹن حمزہ اکرم سمیت ہر شہید کے خون کا ایک ایک قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ قوم شہید کیپٹن حمزہ اکرم اور ان کے خاندان کی قربانیوں کا قرض ادا نہیں کر سکتی۔ شہید کیپٹن حمزہ ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ زندہ رہیں گے ، واضح رہے کہ کیپٹن حمزہ اکرم ہنگو میں خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔

