وفاقی ملازمین کیلئے چارسدہ میں جدید رہائشی منصوبہ، FGEHA کا نجی ڈویلپرز سے معاہدہ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی حکومت کے ملازمین کے لیے خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں جدید رہائشی منصوبے کی راہ ہموار ہوگئی، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) اور دو نجی ڈویلپرز پر مشتمل کنسورشیم کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے .

MoU پر دستخط کی تقریب FGEHA ہیڈ آفس کے کمیٹی روم میں ہوئی، جس میں ڈائریکٹر جنرل FGEHA کیپٹن (ر) ظفر اقبال، اتھارٹی کے سینئر افسران اور متعلقہ کنسورشیم کے نمائندگان شریک ہوئے ، مفاہمتی یادداشت پر FGEHA کے ڈائریکٹر جوائنٹ وینچر پراجیکٹس فیض عمر سیال، زی برادرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو زاہد حسین اور رویا ڈویلپرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر محمد یوسف خان نے دستخط کیے۔

منصوبے کی نمایاں خصوصیات :

مجوزہ ہاؤسنگ اور اپارٹمنٹ منصوبہ چارسدہ میں تقریباً 1600 کنال رقبے پر تعمیر کیا جائے گا، جسے ضرورت کے مطابق مزید وسعت دی جا سکے گی ، منصوبہ M-1 پشاور اسلام آباد موٹروے کے چارسدہ/نصتہ انٹرچینج سے تقریباً 6 کلومیٹر کے فاصلے پر جبکہ پشاور شہر سے تقریباً 15 منٹ کی مسافت پر واقع ہے ، منصوبے کو مین چارسدہ نوشہرہ روڈ سے براہ راست رسائی حاصل ہوگی اور یہ KPHA میگا سٹی نوشہرہ سے متصل علاقے میں واقع ہے۔

FGEHA کے مطابق منصوبہ FGEHA (JV & PPP) Rules, 2025 کے تحت Land Sharing Model پر تیار کیا جائے گا، جس کا مقصد نجی شعبے کے اشتراک سے وفاقی سرکاری ملازمین کو معیاری اور مناسب رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ منصوبے سے FGEHA کے تقریباً 700 سے 800 رجسٹرڈ ممبران کو رہائشی سہولت ملنے کی توقع ہے۔

الاٹیز کو مقررہ وقت سے پہلے قبضہ دینے پر توجہ :

اس موقع پر ڈی جی FGEHA کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے کہا کہ اتھارٹی وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے جدید اور معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور لینڈ شیئرنگ ماڈل کے ذریعے ہاؤسنگ منصوبوں کو آگے بڑھانا رہائشی ضروریات پوری کرنے کی جانب اہم قدم ہے، متعلقہ افسران کو منصوبے میں شفافیت، میرٹ، معیار اور قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

ظفر اقبال نے کہا کہ جدید رہائشی منصوبوں میں بنیادی سہولیات، بہتر شہری منصوبہ بندی، ماحولیاتی تقاضوں اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے، انہوں نے بتایا کہ FGEHA کے جاری منصوبوں میں الاٹیز کو مقررہ ٹائم لائن سے پہلے قبضہ دینے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مارگلہ آرچرڈ بلاک-A کے الاٹیز کو جولائی 2027 میں پلاٹس کا قبضہ دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ F-14/15 میں بھی مرحلہ وار قبضہ فراہم کیا جائے گا۔

ڈی جی FGEHA کے مطابق سکائی گارڈن کے بلاک-A، B اور D کے الاٹیز کو 31 دسمبر 2026 تک پلاٹس کا قبضہ دینے کا ہدف ہے، جبکہ 80 پلاٹس کا قبضہ پہلے ہی ارلی پوزیشن میں الاٹیز کو دیا جا چکا ہے ، انہوں نے کہا کہ مقررہ مدت کے مطابق یا ممکنہ طور پر اس سے قبل ترقیاتی کام مکمل کرکے الاٹیز کو قبضہ دینا اتھارٹی کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ، جاری منصوبوں کی مسلسل نگرانی اور کام کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت FGEHA کی خصوصی توجہ F-14/15، گرین انکلیو-I اور لائف اسٹائل ریزیڈنسی اپارٹمنٹس G-13 اسلام آباد کے منصوبوں پر مرکوز ہے ، ڈی جی کے مطابق پشاور، چارسدہ کا مجوزہ منصوبہ رہائشی سہولیات کے ساتھ علاقے میں انفراسٹرکچر، روزگار اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ چارسدہ منصوبے پر مزید پیش رفت تمام ضروری پیشگی شرائط کی تکمیل اور FGEHA (JV & PPP) Rules, 2025 کی قابلِ اطلاق دفعات کے مطابق ہوگی ، تقریب کو PTV، APP، ایکسپریس نیوز سمیت مختلف میڈیا اداروں نے کوریج دی۔ ڈی جی FGEHA نے ہاؤسنگ منصوبوں اور اتھارٹی کے اقدامات سے عوام کو آگاہ کرنے میں میڈیا کے کردار کو سراہا۔